گزشتہ سال حکمرانوں نے کھربوں روپے کا بوجھ عوام کے سروں پر لاد دیا ، زوار بہادر

گزشتہ سال حکمرانوں نے کھربوں روپے کا بوجھ عوام کے سروں پر لاد دیا ، زوار بہادر

لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہاہے کہ پاکستان اللہ پاک کی عظیم نعمت ہے حکمرانوں نے 2017ء میں عوام کو نوید سنائی ہے کہ پاکستان کا ہر شہری بچہ ،بوڑھا،جوان ،مرد و عورت کم وبیش سوا لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا ہے گزشتہ سال حکمرانوں نے کھربوں روپے کا بوجھ عوام کے سروں پر لاد دیا ہے ایسے حالات میں قوم کا ھلہ گلہ اور بے لگامی سمجھ سے باہر ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ سے وابستہ ہے جب تک قوم اللہ اور اس کے رسولﷺ سے کیا ہوا وعدہ پورا نہیں کرتی ملک کی تقدیر تبدیل نہیں ہوسکتی ۔اس وقت وطن عزیز جن مشکلات و مصائب کا شکار ہے یہ سب اللہ اور اس کے رسولﷺ کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے انحراف کا نتیجہ ہے ۔ وطن عزیز پاکستان معدنی مسائل سے مالا مال زرعی ملک اور ایٹمی طاقت ہے ۔ مگر اس کے باوجود آج ہم بیرونی امداد کے لئے اپنی آزادی اور خود مختاری کو داؤ پر لگائے ہوئے ہیں ۔

۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اس وقت ملکی معیشت اور خود مختاری کو سوالیہ نشان بنا کر رکھ دیا ہے پاکستان کی خارجہ پالیسی بُری طرح ناکام اور قوم اندرونی طور پر انتشار کا شکار ہے ۔گیس ،بجلی ،پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورد ونوش ناپید ہوچکی ہیں۔ یہ سب کچھ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے جب تک قوم مجموعی طور پر اللہ رب العزت کے سامنے اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتی اور یہاں اس کے رسول ﷺ کا نظام نافذ نہیں کرتی ہمارے حالات بدسے بدتر ہوتے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مسجد خضراء بھٹہ چوک میں نظام مصطفےٰﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس کی صدارت آستا نہ عالیہ چراغیہ والٹن کے سجادہ نشیں پیرسید زیشان المجتبیٰ ضیاء الحسن نے کی ۔ کانفرنس سے پیر منیر احمد قادری ،حاجی عبدالرشید،حافظ نصیر احمد نورانی اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4