ٹیک سوسائٹی میں مخیر حضرات کے تعاون سے طبی مرکز نے کام شروع کردیا

ٹیک سوسائٹی میں مخیر حضرات کے تعاون سے طبی مرکز نے کام شروع کردیا

لاہور(فلم رپورٹر)ٹیک سوسائٹی میں مخیر حضرات کے مالی تعاون سے طبی مرکز نے ٹرسٹ کے تحت کام شروع کردیا ہے۔ طبی مرکز کی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں ممبران خواتین و حضرات اورمخیر افرادنے شرکت کی جن میں میاں محمد جمیل ، مسز صبیحہ جمیل، منظور احمد شیخ، ڈاکٹر محمد صادق، محمود الرحمن چغتائی، مظفر اقبال چیمہ، ڈاکٹر میر عرفان اسلم، جمیل گشکوری، عبدالمجید خاں ودیگر شامل تھے۔طبی مرکز ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد جمیل نے افتتاح کرنے کے بعدبات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مالی تعاون کرنے والے مخیر خواتین و حضرات کے شکر گزار ہیں انہوں نے طبی مرکز کی سہولیات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ طبی مرکز روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے تا شام 6 بجے اعلی تعلیم یافتہ و تجربہ کار مرد و خاتون ڈاکٹرز کی زیر نگرانی خدمات سر انجام د ے گا۔

عام استعمال کی ضروری ادوایات مفت فراہم کی جائینگی۔ بنیادی طور پر یہ طبی مرکز ٹیک سوسائٹی کے ملازمین اور ان کی فیمیلیزکیلئے قائم کیا گیا ہے تاہم اس سے ممبران اور ان کی فیمیلیز بھی استفادہ کرسکیں گی۔ الٹراساؤنڈ، ای سی جی اور ایکسرے جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائینگی۔ ٹیک ویلفئیر سنٹر ٹرسٹ کے تحت ملازمین کے بچوں کی مفت تعلیم کیلئے میاں محمد اشرف کی سربراہی میں ٹیک ویلفئیر سکو ل مخیرحضرات کی مالی معاونت سے پہلے ہی کام کر رہا ہے جو اب ہائی سکول کا درجہ حاصل کر چکا ہے۔ صحت اور تعلیم کے دونوں فلاحی منصوبے ٹیک ویلفئیر سنٹر ٹرسٹ نے ٹیک سوسائٹی کے زیر نگرانی شروع کئے ہیں تاکہ کم آمدنی والے ملازمین اور ان کے بچے ان فلاحی اداروں کے ذریعے مستفید ہو سکیں۔ پنجاب کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ نے ٹیک سوسائٹی کو پنجاب کی ماڈل کوآپریٹو سوسائٹی قرار دیا ہے جہاں زندگی کی تمام سہولیات اپنی مدد آپ کے تحت مہیا کی گئی ہیں ۔لینڈ کمپیوٹرائزشن سسٹم پنجاب میں سب سے پہلے ٹیک سوسائٹی میں ہی متعارف کروایا گیا اس کے علاوہ سٹیٹ آف دی آرٹ کمیپوٹرائزڈ سیکیورٹی نظام نے ٹیک سوسائٹی کو لاہور کی منفرد کوآپریٹو سوسائٹی بنا دیا ہے۔اس سوسائٹی کا نظام پندرہ رکنی مینجمنٹ کمیٹی جو کہ ہر تین سال کے بعد الیکشن کے ذریعے منتخب ہو کر آتی ہے اعزازی طور پر چلاتی ہے جن میں اعلی تعلیم یافتہ انجینئیرز، ڈاکٹرز، سابقہ سول و فوجی افسران اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4