پاکستان کا اقوم امتحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کرنے کا فیصلہ خوش آئندہ ہے :حافظ سعید

پاکستان کا اقوم امتحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کرنے کا فیصلہ خوش آئندہ ...

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سلامتی کونسل میں پاکستان کیخلاف پابندیوں کی قرارداد پیش کرنا ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔ بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔کلبھوشن اور دیگر بھارتی ایجنٹوں سے متعلق تمام حقائق دنیا کے سامنے لائے جائیں۔انڈیا کو مذاکرات کی پیش کش نہیں اس کی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔مرکز القادسیہ چوبرجی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعدسے ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید کر دیے گئے‘سترہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ پیلٹ گنوں سے زخمی ہونے والے سینکڑوں کشمیری اب تک اپنی بینائی کھوچکے ہیں۔ دس ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔کشمیری تاجروں کو اربوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔ بھارتی فوج کی طرف سے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے بھی کئی نہتے شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو نقل مکانی کر کے دیگر علاقوں میں رہائش اختیار کرنا پڑی لیکن اس سب کے باوجود انڈیا کی طرف سے دہشت گردی کا جھوٹا پروپیگنڈا پاکستان کیخلاف کیا جارہا ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سلامتی کونسل میں بے بنیاد قرار داد بھی جمع کروادی گئی تاہم بھارت سرکار کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ محض جھوٹے پروپیگنڈا کی بنیاد پر حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اصل دہشت گرد بھارت ہے جس نے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنا رکھا ہے اور وہ ہر وقت پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے تخریب کاری اور دہشت گردی پروان چڑھانے کی کوششوں میں مصروف رہتا ہے۔

حافظ سعید

مزید : علاقائی