عمران خان بلا خوف و خطر سندھ میں انتخابات میں حصہ لیں، فرحت اللہ بابر

عمران خان بلا خوف و خطر سندھ میں انتخابات میں حصہ لیں، فرحت اللہ بابر

اسلام آباد(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی جانب سے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کے مقابلے میں نواب شاہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے میں لاڑکانہ سے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے اور عمران خان کیا کوئی بھی پورے ملک میں سے کہیں سے بھی انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے اور یہ پاکستان کے ہر شہری کا جمہوری حق ہے اور پارٹی اس انتخابی مقابلے کو صحتمندانہ جمہوری عمل سمجھتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی امید کرتی ہے کہ عمران خان عوام کے سامنے کئے ہوئے اس اعلان پر جمے رہیں گے اور اس سے پھریں گے نہیں کیونکہ عمران خان یو ٹرن لینے کے ماہر ہیں۔ عمران خان کے لئے یہ موقع ہے کہ وہ ثابت کریں کہ وہ اپنے ماضی کی طرح یو ٹرن نہیں لیں گے اور پاکستان پیپلزپارٹی انہیں یہ موقع دے کر خوشی محسوس کرے گی۔ پارٹی کے ترجمان نے یاد دلایا کہ جس روز عمران خان نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کی دھمکی دی تھی اس روز وہ بنی گالہ کی اپنی رہائش گاہ سے باہر نہیں نکلے اور بعد میں انہوں نے کہا کہ انہیں گرفتاری کا خوف تھا۔ پی پی پی کی سندھ کی حکومت جمہوری اصولوں اور روایات پر یقین رکھتی ہے اور سندھ کی حکومت عمران خان کو پارٹی لیڈران کے مقابلے میں انتخابات لڑنے سے نہیں روکے گی اور گرفتار بھی نہیں کرے گی۔ عمران خان بلا خوف و خطر سندھ میں انتخابات میں حصہ لیں اور پارٹی کے لیڈران کے مقابلے میں یا تو خود انتخاب لڑیں یا اپنے امیدوار کھڑے کریں۔

مزید : علاقائی