سعودی حکومت نے ایران کو حج انتظامات پر بات چیت کیلئے دعوت دیدی

سعودی حکومت نے ایران کو حج انتظامات پر بات چیت کیلئے دعوت دیدی

جدہ (بیورو چیف) سعودی حکومت نے ایران کو حج 1438ھ کے انتظامات پر بات چیت کے لئے باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت دی ہے کہ مسلک اور فرقے سے وابستگی سے بالاتر ہوکر مسلم ممالک اور اقلیت کے حج نمائندوں سے انتظامات کے لئے رابطہ قائم کیا جائے، سعودی وزیر حج و عمرہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم ممالک اور تمام مسلم اقلیتوں والی ریاستوں کے ساتھ حج انتظامات کی بابت گفت و شنید کے لئے ملاقاتوں کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے، ضیوف الرحمان کو مطلوبہ سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنے کی ضامن حج ہدایات پیش کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ممالک کی طرح ایرانی حج وفد کو بھی حج خدمات و انتظامات پر بات چیت کے لئے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی دعوت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت قومیت یا مسلم فرقے سے وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر ملک، ہر قوم، ہر فرقے اور ہر ملک کے حجاج و معتمرین کو ارض مقدس میں خوش آمدید کہتی ہے۔ ہر ملک کے عہدیداروں کے ساتھ حج انتظامات کے حوالے سے ربط و ضبط پیدا کرتی ہے، تمام مسلم ممالک کو حج موسم میں آسانی پیدا کرنے کے لئے حج قوانین و ضوابط سے مطلع کرتی ہے۔ وزارت حج و عمرہ کی حکمت عملی یہ ہے کہ تمام فریقوں اور حج امورکے تمام نمائندوں کے ساتھ ربط و ضبط پیدا کیا جائے۔ ارض مقدس آنے والے عازمین کو ایمان افروز روح پرور منظم ماحول مہیا کیا جائے۔

مزید : صفحہ آخر