قصور،فیروزوالہ:ٹریفک حادثات ،خاتون سمیت 4افراف جاں بحق،15زخمی

قصور،فیروزوالہ:ٹریفک حادثات ،خاتون سمیت 4افراف جاں بحق،15زخمی

قصور،فیروزوالہ،پھولنگر،(بیورو رپورٹ ، نمائندہ پاکستان،نمائندہ خصوصی) پھول نگر ملتان روڈپر ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور دیگر آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کار سوار محبوب الٰہی اپنی فیملی کو لے کرگوجرانوالہ سے ملتان کی جانب جا رہا تھا جب بائی پاس پھول نگر پہنچا تو دھند کی وجہ سے اپنے آگے جانے والے کیری ڈبہ سے ا س کی ٹکر ہوگئی اور پیچھے سے آنے والے ڈرائیور نے بس ان کے اوپر چڑھا دی جس کے نتیجے میں آمنہ بی بی موقع پر جاں بحق اور محبوب الٰہی ، شاہزیب، مدثر علی اور عائشہ بی بی شدید زخمی ہوگئے۔جبکہ دوسرا حادثہ پھول نگر کے علاقہ کوٹ امر سنگھ کے قریب پیش آیا جس میں شرافت علی اپنی فیملی کو لے کر لاہور سے دیپال پور جا رہا تھا کہ جب وہ کوٹ امر سنگھ کے قریب پہنچا تولاہور سے ملتان جانے والی بس LES6144 کے نامعلوم ڈرائیور نے اسے ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں شرافت علی کی بیٹی اور بس کنڈیکٹر رضوان احمد موقع پر جاں بحق اور تین افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول ہسپتال پتوکی اور لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔فیروزوالہ میں جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ کالا خطائی روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کوسٹر ویگن اور ایمبولینس گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں سات افراد اسد علی ، محسن، اشرف اور دیگر افراد زخمی ہو گئے ۔ جی ٹی روڈ پر تیز رفتار ویگن نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں نوجوان رحمت علی ہلاک ہو گیا ۔ پولیس نے واقع کی رپورٹ درج کر لی نعش قبضہ میں لے کر ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

مزید : علاقائی