مرید کے :خاوند نے مبینہ طور پر گلا دبا کر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا،ویرانے سے نعش برآمد

مرید کے :خاوند نے مبینہ طور پر گلا دبا کر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا،ویرانے ...

مریدکے(نامہ نگار) دوسری شادی میں رکاوٹ پیدا کرنے پر نوجوان نے مبینہ طور پر گلا دبا کر پہلی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اہل دیہہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ بتایاگیا ہے کہ تھانہ صدر کے علاقہ چھاؤ نی کا رہائشی عاطف دوسری شادی کا خواہشمند تھا مگر پہلی بیوی اس میں رکاوٹ پیدا کرتی تھی۔ نئے سال کے پہلے روز ہی وعاطف نے مبینہ طور پراپنی بیوی رضیہ بی بی کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اہل دیہہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جس نے مقتولہ کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی ہے۔

دریں اثناء نا معلوم افراد نے19سالہ دوشیزہ کوگولی مار کر قتل کرنے کے بعد نعش ویرانے میں پھینک دی۔پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی۔ بتایاگیا ہے کہ مقامی افراد کو تھانہ صدر کے علاقہ بیداد پور کے ویرانے سے نا معلوم لڑکی کی نعش ملی ہے جسے کنپٹی پر گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔ پولیس نے پوسٹمارٹم کے لیے نعش تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچا کر اس کی شناخت کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ تھانہ صدر کے علاقہ میں نئے سال کے پہلے روز ہی خواتین کے قتل کی یہ دوسری واردات ہے۔

مزید : علاقائی