فیرزوالہ:پولیس مقابلے کے دوران اشتہاری ہلاک،3پولیس اہلکار زخمی

فیرزوالہ:پولیس مقابلے کے دوران اشتہاری ہلاک،3پولیس اہلکار زخمی

فیروزوالہ (نمائندہ پاکستان) لاہور روڈ کی آبادی کوٹ عبدالمالک کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ایک خطرناک اشتہاری ڈکیت اشفاق عرف ساجھی عرف لوٹا مارا گیا۔ جبکہ دو تھانیداروں سمیت تین اہلکار زخمی ۔ دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بہاولپور پولیس کو اطلاع ملی کہ سنگین مقدمات میں ملوث ڈاکوؤں کا گروہ کوٹ عبدالمالک میں موجود ہے۔ سب انسپکٹر رفیق احمد نے اے ایس آئی محمد افضل اور دیگر عملے کے ہمراہ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس سیکٹر فیروزوالہ کی مدد سے کوٹ عبدالمالک میں چھاپہ مارا اور اشتہاری ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بہاولپور کے مختلف تھانوں کے پولیس کو مطلوب خطرناک اشتہاری اشفاق عرف ساجھو مارا گیا اور اس کا بھائی ساجد اور ساتھی حبیب الرحمن فرار ہو گئے ۔ اشتہاریوں کی فائرنگ سے بہاولپور پولیس کا سب انسپکٹر رفیق اور اے ایس آئی محمد افضل اور شیخوپورہ پولیس کا کانسٹیبل مقبول احمد زخمی ہو گئے۔

جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کروا دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق ملزمان اشہتاری کی عورتوں نے پولیس کی آنکھوں پر مرچیں ڈالنے کی کوشش کی مگر پولیس نے ان کی کوشش نا کام بنا کر ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مرنے والے ڈکیت اشفاق کے خلاف قتلوں، ڈکیتوں، اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔

مزید : علاقائی