بہاولپور ‘ ڈبل لائن ایمپریس ریلوے برج کی تزئین و آرائش ‘ برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا

بہاولپور ‘ ڈبل لائن ایمپریس ریلوے برج کی تزئین و آرائش ‘ برقی قمقموں سے ...

بہاولپور( بیورورپورٹ)دریائے ستلج بہاول پور کے مقام پر تاریخی ڈبل لائن ایمپریس برج کو برقی قمقموں اور جدید آٹومیٹک ایل ای ڈی لائٹس سے مزئین کر دیا گیا جو ٹرین سے سفر کرنے والوں اور باہر سے دیکھنے والوں دونوں اطراف کے لئے دلکش منظر پیش کریگا۔ اس حوالہ سے افتتاحی تقریب ہائی وے ریسٹ ہاؤس نزد ستلج ٹول پلازہ پر منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر(بقیہ نمبر11صفحہ12پر )

بلیغ الرحمن،صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور مہار، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مسز عمرانہ اجمل، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی راؤ تسلیم اختر، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد طیب، ایڈیشنل کمشنرسید وسیم حسن، اسسٹنٹ کمشنر صدر حسنین خالد سنپال، میاں شاہد اقبال، حماد ندیم میرانی، خالد سومرو، عمائدین شہر، مسلم لیگی کارکنان سمیت بچوں اور خواتین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ ڈبل لائن ایمپریس ریلوے برج جدیدبرقی قمقموں کی تزئین وآرائش سے بہاول پور شہر میں داخل ہونے والوں کے لئے مسحور کن منظر پیش کرے گا جس سے بہاول پور شہر کی خوبصورتی میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں بہاول پور شہر کے تاریخی دروازوں کی ازسر نو تعمیر ومرمت اورفرید گیٹ کے باہر گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول کے سامنے تاریخی ڈیراوری توپ کی تنصیب قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمد آمد ہے اور وہ اس پرمسرت موقع پر پر عزم ہیں کہ گذشتہ غلطیوں سے سیکھ کر ملک وقوم کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنائیں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ریلوے ایمپریس برج کو برقی قمقموں سے مزئین کرنے کا پراجیکٹ بہاول پور سے تعلق رکھنے والے الیکٹریکل اینڈ پاور نوجوان انجینئر وقاص عبد اللہ کو دیا گیا جس نے اپنی قابلیت اور جانفشانی سے اس پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کو ممکن بنایا۔اس موقع پر الیکٹریکل اینڈ پاور انجینئر وقاص عبد اللہ نے بتایا کہ ریلوے ایمپریس برج پر مختلف رنگوں پر مشتمل ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو واٹر پروف ہونے کے ساتھ ساتھ پاور آٹومیٹک آپریشن سے کنٹرول کی جائیں گی جو دن کو خودبخود بند اور رات کو خودکار نظام کے ذریعہ روشن ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام برقی قمقموں کو سمارٹ سولر اینڈ الیکٹریکل میکنزم کے ذریعہ توانائی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ روشنیاں برج پر خوبصورت نظر آنے کے ساتھ ساتھ پانی پر بھی اپنا عکس بنائیں گی۔قبل ازیں ہائی وے ریسٹ ہاؤس پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ پیش کیا گیا جس کو شرکائے تقریب، بچوں ،بڑوں اور خواتین نے خوب سراہا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر