میپکو کو نمبر ون پر لانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں: خالد مسعود خان
ملتان ( انٹرویو۔محمد سعید مکول ) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی ( میپکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے چیئر مین خالد مسعود خان نے کہا ہے کہ میپکو صارفین اور سسٹم کے اعتبار سے پنجاب کی سب سے بڑی الیکٹرک پاور کمپنی ہے جس کو سروسز کے اعتبار سے نمبر ون پر لانے(بقیہ نمبر7صفحہ12پر )
کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ گزشتہ روز پاکستان سے خصوصی گفتگو کررہے تھے انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میپکو نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے جس کا حل ہمارے دائرہ کار میں نہیں ہے تاہم اس مسئلہ کے حل کیلئے موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی مذکورہ اقدامات کے زریعے 2017ء کے آخر تک 4ہزارمیگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل ہوجائے گی جس سے جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا ۔انھوں نے کہا کہ میپکو بورڈ آف ڈائریکٹر کا بطور چیئرمین چارج سنھبالنے کے بعد اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کردیئے ہیں جن کے ثمرات بہت جلد صارفین تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے ۔خالد مسعود خان نے کہا کہ میر ا تعلق مڈل کلاس طبقہ سے ہے اور میں مڈل کلاس صارفین کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں میرامنشور ہے کہ میپکو کو ملنے والے بجلی کے شیئر کی صارفین تک بلا تعطل فراہمی کو یقنی بنایا جاسکے ۔انھوں نے کہا کہ اس منشور کے تحت سب سے پہلے 2017ء میں ملنے والی بجلی کیلئے سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ہے کیونکہ سسٹم اتنا پرانا ہوچکا ہے کہ اگر اس کو اپ گریڈ نہ کیا گیا تو بجلی زیادہ آنے کی صور ت میں خدشہ ہے کہ یہ ٹرپ کرجائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 2018ء کے مطابق سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ میپکو کی جانب سے ایسا میٹر لگانے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جو لوڈشیڈنگ کے دوران صارف کو یو پی ایس جتنی بجلی فراہم کرتا رہے گا اس سے صارفین کو یو پی ایس کے اضافی بوجھ سے چھٹکارا حاصل ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ منظور شدہ لوڈ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے اس امر کی روک تھام کیلئے منظور شدہ لوڈ کی ڈیوائس تیا ر کی جارہی ہے جومیٹر کے ساتھ لگائی جائے گی اور لوڈ زیادہ ہونے کی صورت میں میٹر ٹرپ کرجائے گا ۔انھوں نے کہا کہ میٹر ریڈنگ کی ایکوریسی بقنی بنانے کیلئے ریجن بھر کے بجلی میٹروں کو طے شدہ سٹینڈر کے مطابق لگانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔اسی طرح دیہی علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ اوورلوڈ ٹرانسفارمروں کے ساتھ نئے ٹرانسفارمرز بھی لگائے جائیں گے اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر ایک ہزار نئے ٹرانسفارمرز لگائے جارہے ہیں جبکہ پہلے سے موجود ٹرانسفارمرزکو محفوظ رکھنے کیلئے ٹرانسفارمرز کے ساتھ سمارٹ فیوز بھی لگائے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ صارفین کی شکایات کاازالہ میری اولین ترجیح ہے اس مقصد کیلئے ہرسرکل کی سطح پر ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیاجارہا ہے جس پر شکایت درج کرانے والے صارف کی شکایت کی ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ ازالہ نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار افسر وملازمین کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔انھوں نے کہا کہ بہترین سروس کے حصول کیلئے صارفین کو چاہیے کہ وہ کنکشن حاصل کرتے وقت سچ بولیں اور لوڈ کے مطابق اپنے منظور شدہ لوڈ کا کنکشن لگوائیں اس سے صارفین اور کمپنی دونوں کو فائدہ ہوگا۔