کراچی، ٹریفک جام پر ایم کیوایم کا اظہار تشویش

کراچی، ٹریفک جام پر ایم کیوایم کا اظہار تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے کراچی میں بے ہنگم ٹریفک اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جاری گرین بس ، اورنج بس کے منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں اور ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے کھدائی اور تعمیراتی کام کیلئے متبادل راستوں کا انتظام کرکے شہریوں کو اس سے آگاہ کرنے کی پالیسی پر تسلسل کے ساتھ عمل کیاجائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رجحان اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر جاری کام کے باعث شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل گھمبیر صورتحال اختیار کرچکے ہیں ، جگہ جگہ ٹریفک جام سے نہ صرف شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں بلکہ مریضوں تک کو اسپتال پہنچانے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بے ہنگم ٹریفک پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور گرین بس اور اورنج لائن بس منصوبوں کی تکمیل مربوط انداز اور احسن انداز میں یقینی بنائی جائے ۔