سی پیک منصوبے کو متنازع بنانے والے پاکستان کے دشمن ہیں‘ احسان اللہ
چارسدہ(بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سنیئر نائب صدر حاجی احسان اللہ خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کو متنازع بنانے والے پاکستان کے تابناک مستقبل سے کھیلنے کی کو شش کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تین سال میں عوام کے فلا ح و بہبود کیلئے کچھ نہ کر سکی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وردگہ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سلمان شاہ اور دوست محمد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ شمولیتی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے مسلم لیگ( ن) کے سنیئر نائب صدر حاجی احسان اللہ خان نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ کو متنازع بنانے والے پاکستان کے تابناک مستقبل سے کھیلنے کی کو شش کر رہے ہیں مگر ایسے تمام سیاسی جماعتوں سے آڑھے ہاتھوں نمٹا جائے گا جو کامیاب پاکستان کے مستقبل پر حملے کرکے منصوبہ کو متنازع بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا ضامن منصوبہ ہے مگر بعض سیاسی جماعتیں اپنی ساکھ کو بچانے کے لئے اس منصوبے پر سیاست کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جمہوری ملک ہے اور اس کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے اس لئے ملک کی ترقی کے حاطر کسی بھی حال میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینگے اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا کی صوبائی حکومت عوامی خدمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے کیونکہ ساڑھے تین سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجودصوبائی حکومت نے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا جس سے صوبے کی عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ آنے والے انتخابات میں صوبے کے عوام تحریک انصاف کو بری طرح مسترد کرکے شیر کو ووٹ دینگے ۔ عمران خان نے یو ٹرن کی سینچری مکمل کر لی ہے۔ عمران خان پہلے پانا ما لیکس پر عدالت سے کمیشن کے قیام کے مطالبے کے لئے دھرنوں کی کال دے رہے تھے اور جب کمیشن بنانے کا وقت آگیا تو عمران خان نے یوٹرن لیکر پارلیمنٹ کا رخ کیا ۔ عمران خان ملک میں مزید سیاست کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں ۔