وزیراعلیٰ پنجاب کا غیر معیاری اور مضرصحت دودھ تیار اورفروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا غیر معیاری اور مضرصحت دودھ تیار اورفروخت کرنیوالوں ...
وزیراعلیٰ پنجاب کا غیر معیاری اور مضرصحت دودھ تیار اورفروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ غیر معیاری اور مضرصحت دودھ تیار اورفروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔مضرصحت دودھ تیاریا فروخت کرنا ایک سنگین جرم ہے ۔ایسا گھناؤنا کاروبار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیر اعلی شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری ، ناقص اورمضر صحت دودھ تیار اور فروخت کرنے کے کاروبار کو صوبے بھر میں بند کرانے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں کیونکہ دودھ میں مضرصحت اجزاء شامل کرنے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔دودھ میں ملاوٹ کرنے والا مافیاکڑی سے کڑی سزا کا حقدار ہے لہذا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچلیں گے اوران عناصرکو صرف جرمانے ہی نہیں ہوں گے بلکہ انہیں قانون کے تحت جیلوں میں ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنے کاروبار کاخاتمہ کروں گا اوردودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوگا۔ مضرصحت کھلا دودھ ہویاڈبے والا،کسی کو چند کوڑیوں کی خاطراپنے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان عناصر کیخلاف ایسی کارروائی کی جائیگی کہ ان کی آئندہ نسلیں بھی اس قبیح دھندے کا سوچ بھی نہ سکیں گی۔ ڈبے یا کھلے دودھ میں مضرصحت اجزاء ملانے والے مافیاسے کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔ گھناؤنے کاروبار میں ملوث مافیا کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دودھ جیسی بنیادی ضرورت کے نام پر زہر کھلانے والے معاشرے کا ناسورہیں۔ غیرمعیاری،ناقص اور مضر صحت دودھ سپلائی کرنے والے ذرائع بھی بند کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے عوام مجھے اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں اورمیں کسی کو دودھ کے نام پر زہر بیچنے کی اجازت نہیں دوں گا۔انہوں نے کہاکہ مضرصحت دودھ تیار اورفروخت کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی اور صوبے سے اس گھناؤنے کاروبار کا خاتمہ کیا جائے گا۔

مزید :

لاہور -