ہائی کورٹ :سول جج رحیم یارخان سے بدتمیزی پر پولیس حکام سے رپورٹ طلب

ہائی کورٹ :سول جج رحیم یارخان سے بدتمیزی پر پولیس حکام سے رپورٹ طلب
ہائی کورٹ :سول جج رحیم یارخان سے بدتمیزی پر پولیس حکام سے رپورٹ طلب

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے رحیم یار خان کے سول جج اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ پر پولیس حکام سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 9جنوری تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز فاضل عدالت نے معاملے پر سماعت شروع کی تو عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ راجن پور کی مقامی پولیس سول جج کے گھر داخل ہوگئی۔سول جج اور ان کے گھر والوں کے ساتھ بدتمیزی کی جس پر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے قرار دیا کہ واقعہ اہم نوعیت کا ہے اس کو سنجیدہ لیا جائے۔ ہائیکورٹ نے معاملے پر سماعت کے بعد پولیس سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ آئندہ تاریخ سماعت پر متعلقہ پولیس حکام بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

سول جج رحیم یار خان نے سیشن جج کے ذریعے پولیس کے غیر مناسب رویہ پر لاہور ہائیکورٹ کو شکایت بھیجی تھی۔جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے شکایت کو درخواست میں تبدیل کر دیا تھا اور درخواست کارروائی کیلئے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو بھجودای تھی. معاملے پر مزید کارروائی 9 جنوری کو ہوگی۔

مزید : لاہور