بوجوڑمیں پہلی بارشہداء کی قربانیوں کا اعتراف پاک فوج کا انقلابی اقدام

بوجوڑمیں پہلی بارشہداء کی قربانیوں کا اعتراف پاک فوج کا انقلابی اقدام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باجوڑ(نمائندہ پاکستان) باجوڑ میں شہداء کے قربانیوں کا اعتراف،پاک فوج کا انقلابی قدم، پہلی بار شہید کے والد کی بحیثیت اعزازی مہمان ایف سی پاسنگ آؤٹ پریڈمیں شرکت۔ باجوڑ میں فرنٹیئر کور کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب، باجوڑ سے تعلق رکھنے والے شہید لیفٹنٹ سجاد (تمغہ بسالت) کے والد آمین الرحمن اعزازی مہمان تھے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کا کھڑے ہوکر شہید لیفٹنٹ کے والد کو خراج تحسین۔باجوڑ سکاؤٹس ہیڈکوارٹر خار میں فرنٹیئرکور کی27ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ ماضی کے برعکس اس بار تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی بار ایک شہید لیفٹنٹ کے والد تقریب کے اعزازی مہمان تھے جبکہ سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر غلام محمد ملک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس کرنل سلمان خالد، ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود، ڈی پی او باجوڑ پیر شہاب علی شاہ،ضلع باجوڑ کے ترکھانی واتمانخیل قبائل کے عمائدین، سکیورٹی فورسز کے حکام، پاس آؤٹ ہونیوالے ریکروٹس کے والدین اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر غلام محمد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی فورسز نے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیاہے اور ایف سی کے صدسالہ تاریخ بہادری، شجاعت اور ملکی خدمات کے کارناموں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف ان پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے بلکہ ان اساتذہ کی شب وروز محنت کے ثمرآور ہونے کا موقع بھی ہے جن کی انتھک اور بے لوث محنت نے ان عام شہریوں کو ایک پیشہ ور سپاہیوں کے روپ میں ڈھال دیا ہے۔ بریگیڈیئر غلام محمد ملک نے تربیت مکمل کرنیوالے جوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ لوگ اُن خوش نصیب لوگوں میں شامل ہونے جارہے ہیں جو موجودہ دور کے بہترین پیشے سے منسلک ہوکر ملک وقوم کے حغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ نے جو تربیت یہاں سے حاصل کی ہیں اس سے آپ پیشہ ورانہ زندگی کے دوران پیش آنیوالے تمام مشکلات کا مردانگی سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ بریگیڈیئر نے ریکروٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج کے بدلتے ہوئے حالات آپ سے ذمہ دارانہ اور پیشہ وارانہ سوچ کے متقاضی ہیں کیونکہ پاکستان مخالف قوتیں پاکستان کی قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور نے اس مملکت خداداد کو پچھلے کئی سالوں سے اپنی لپیٹ میں لیا ہواہے جسکے خاتمے کے لئے پہلے بھی فرنٹیئر کور کے آفیسران اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جن کا قوم برملا اعتراف کرتی ہے۔ فرنٹیئر کور کی تاریخ بے شمار قربانیوں اور بہادری کے کارناموں سے بھری پڑی ہیں۔ اس بہادر فورس نے امن واستحکام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں ان کا تذکرہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھاجائیگا۔ آپ کا جذبہ اور مورال دیکھ کر میں آپکی اعلیٰ ٹریننگ کے معیار اور عزم کا اندازہ لگاسکتاہوں۔اس سے پہلے تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر غلام محمد ملک اور کمانڈنٹ باجوڑسکاؤٹس کرنل سلمان خالد نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پریڈ سے سلامی لی۔ تقریب کے موقع پر تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر شہید لیفٹنٹ سجاد کے والد کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی بریگیڈیئر غلام محمد اور اعزازی مہمان لیفٹنٹ سجاد شہید کے والد آمین الرحمن نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں انعامات تقسیم کی۔دریں اثنا ء تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے اعزازی مہمان شہید لیفٹنٹ سجاد کے والد آمین الرحمن نے کہا کہ میں پاک فو ج کا مشکور ہوں جنہوں نے آج مجھے اور میرے شہید بیٹے کو عزت دی اور شہداء کے قربانیوں کو زندہ کیا۔ انہو ں نے کہا کہ اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنے تمام بیٹوں کے قربانیوں سے دریغ نہیں کرونگا۔