ڈبلیو ایس ایس پی کا کلین اینڈ گرین پشاور مہم سے نئے سال کا آغاز

ڈبلیو ایس ایس پی کا کلین اینڈ گرین پشاور مہم سے نئے سال کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے کلین اینڈ گرین پشاور مہم سے نئے سال کا آغاز کر دیا نئے سال کے پہلے روز قصہ خوانی بازارمیں عوامی آگاہی تقریب کے انعقاد کے علاوہ واک نکالی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ، تاجروں اور فرنٹیئر پرنٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور عوام نے شرکت کی۔ واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمن نے کی، واک کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی اور پانی کی اہمیت بارے نعرے درج تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمن نے تقریب اور واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی کی کاؤشوں کو سراہا اور کہا کہ شہر کی صفائی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنے کی کوئی بھی مہم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام اپنے ارد گرد ماحول کو صاف نہیں رکھتے۔انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے منیجر سٹیزن لیزان سیل محمد اسماعیل نے کہاکہ مہم کے دوران ڈبلیو ایس ایس پی کی ٹیمیں پشاور شہر میں سرکاری اور پرائیوٹ سکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس میں پانی اور صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کریں گی، سکولوں اور مدارس میں اساتذہ کے زیرنگرانی طلبہ پر مشتمل صفائی کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو صفائی اور پانی کی اہمیت سے متعلق پیغامات عام کریں گے۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مارکیٹوں، سکولوں اور گھروں میں پانی کے کم سے کم استعمال، کوڑاکرکٹ کو مقررہ مقامات پر پھینکنے، اپنے گلی محلوں کو گھروں کی طرح صاف رکھنے کے علاوہ ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ تعاون کریں گے