پاک بحریہ کی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پریڈ اور تقریب تقسیم انعامات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پریڈ اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پربطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکیارڈ آمد پرکمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل آصف خالق نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا اور تفویض کردہ آپریشنل مقاصد اور کاموں کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی جانب سے کی جانے والی نگرانی کو سراہا۔ نیول چیف نے کہا کہ پاکستان بحریہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی سمیت سمندری حدود کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کے خلاف کی جانے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے اور سمندر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے سال 2019 کے دوران شروع کردہ فلیٹ کی آپریشنل سرگرمیوں، بشمول پلوامہ حملے کے بعد کی کشیدہ صورتحال میں پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں، میزائل فائرنگ، کثیر الملکی مشق AMAN-19 کی میزبانی، دو طرفہ مشقوں میں شرکت، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول اور بیرونِ ملک تعیناتیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے مختلف سمندری مشقوں میں بحریہ کی یونٹس کی شرکت کے حوالے سے بھی حاظرین کو آگاہ کیا۔بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے متعلقہ اسکواڈرنز / ٹاسک گروپس کے بہترین یونٹس کو انعامی شیلڈز دیں اور پاک بحریہ کے فلیٹ پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔