نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، محمد حسین محنتی

نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، موجودہ فرسودہ نظام نے مہنگائی بیروزگاری کرپٹ قیادت اور معیشت کی تباہی سمیت محرومیوں کے سوا قوم کو کچھ بھی نہیں دیا۔ قرآن و سنت پر مبنی اسلامی نظام ہی دنیا کو امن انسانیت کو سکون سمیت تمام مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ سیدنا حضرت بلال نوری آباد میں اجتماع ارکان و نظم کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع جام شورو حافظ محمد صالح، نوری آباد مقام کے امیر ڈاکٹر امتیاز پالاری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ قوم نے تمام نظام اور اس کے پیروکاروں کو آزما لیا ہے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے بھی قوم کو مایوس اور مہنگائی کے خاتمے عوام کو ریلیف دینے سے لیکر احتساب و این آر او تک تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان اور نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ حقیقی تبدیلی اور سندھ کے عوام کی قسمت صرف اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی بدل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نوری آباد میں تیس بیڈز پر مشتمل ہسپتال کو جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے۔ ہسپتال کی بلڈنگ تعمیر ہونے کے باوجود عوام کے لیے اسے استعمال نہ کرنا افسوس ناک ہے۔عوام کو صحت و تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔