سرکاری اراضی، جائیدادیں قابضین سے واگزار کرائی جائیں، راجہ بشارت 

 سرکاری اراضی، جائیدادیں قابضین سے واگزار کرائی جائیں، راجہ بشارت 

  



لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں سرکاری اراضی اور جائیدادیں ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کا عمل جاری ہے،گزشتہ چھ ماہ میں محکمہ کوآپریٹوز کی ساڑھے 6 کنال کی 11 زرعی، کمرشل اور رہائشی جائیدادیں ناجائز قابضین سے چھڑا لی گئی ہیں،شفاف نیلامی کر کے ان کی آمدن سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کوآپریٹوز لیکوڈیشن بورڈ کے حوالے سے قائم سپیشل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر کوآپریٹوزمہرمحمد اسلم بھروانہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شوکت علی، سیکریٹری کوآپریٹوز،سیکریٹری قانون، چیئرپرسن بورڈ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر قانون نے بتایا کہ ان جائیدادوں کے حوالے سے بدعنوانی کے 45 کیس پکڑے گئے ہیں جن میں سے 30 کے ریفرنس نیب کو اور 15 کے محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوائے گئے ہیں جبکہ محکمہ کوآپریٹوز کی ملکیتی کل 293 جائیدادوں میں سے 33 کے مقدمات زیر التوا ہیں۔انہوں نے محکمہ کوآپریٹوز کے افسران کو تاکید کی کہ محکمہ کی ملکیتی جائیدادوں کو مستقبل میں کرائے یا لیز پر دینے کی بجائے قانون کے مطابق نیلام کرنے کا عمل مکمل کیا جائے۔باقی جائیدادوں پر ناجائزقبضے واگزار کرائے جائیں اور زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے موثر لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اگر کوئی قانونی ترمیم ضروری ہے تو اس کا مسودہ فوری پیش کیا جائے۔

 راجہ بشارت 

مزید : صفحہ آخر