پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ  سلیکٹڈ حکومت کا تحفہ، مرتضیٰ وہاب

  پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ  سلیکٹڈ حکومت کا تحفہ، مرتضیٰ وہاب

  



کراچی(این این آئی) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو سلیکٹیڈ حکومت کا عوام کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال میں پیٹرو ل، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے صرف دعوے کیے ہیں مگر ان کی عملی کارکردگی صفر ہے۔مرتضی وہاب نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ قابلِ مذمت ہے یہ نا اہل حکومت عوام سے جینے کا حق چھین لینا چاہتی ہے، آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور تبدیلی سرکار کو بد دعائیں دے رہے ہیں، ان حکمرانوں کو غریبوں کی بد دعاوں سے ڈرنا چاہیے اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹر ولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے مگر سلیکٹیڈ حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔برسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ یہ اس بات کی غماز ہے کہ ان حکمرانوں کو غریبوں کی رتی برابر پرواہ نہیں اور عوام چاہے جئیں یا مریں ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی غارت گر معاشی پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب

مزید : صفحہ آخر