پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز کاآج سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
لاہور(این این آئی) پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں آج (جمعرات) سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس نے چالانوں کی شرح میں 750 سے 10 ہزار روپے تک اضافہ کیا ہے جو قابل قبول نہیں،مطالبہ ہے کہ موٹروے پولیس کے چالانوں کی شرح میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ ملک بھر میں ٹول پلازوں کی فیس کی شرح میں دگنا اضافہ کر دیا گیا ہے، تحصیل سطح پر لگائے گئے ٹول ٹیکس کو بھی فوری ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسٹم حکام کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ اور اڈوں پر ناجائز چھاپے مارے جاتے ہیں اوررشوت خوری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسل ویٹ شیڈول پر فوری عملدرآمد کروایا جائے، مزدہ ٹرک کو شیڈول میں شامل اور وزن 13 ٹن کیا جائے،روٹ پرمٹ کی معیاد تین سے کم کر کے ایک سال کر دی ہے جبکہ روٹ پرمٹ فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جسے فوری واپس لیا جائے۔عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ پاسنگ نظام درست اور عرصہ دراز سے تعینات کرپٹ عملہ فوری تبدیل کیا جائے،ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ء کا طریقہکار آسان اور ضلع کی بجائے صوبائی سطح پر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری سے متعلق قانون سازی کے معاملات میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ہڑتال اعلان