سٹاک مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، سونا فی تولہ 250روپے سستا، ڈالر کی قدر مستحکم 

  سٹاک مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، سونا فی تولہ 250روپے سستا، ڈالر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئے سال 2020کے پہلے روز زبردست تیزی کا رجحان رہا، سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص میں دلچسپی بڑھنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس664.92پوائنٹس کے اضافے سے 41ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 41400 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا،جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 72 ارب 22 کروڑ 61 لاکھ روپے بڑھ گئی۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 41ہزار کی نفسیاتی بحال ہوگئی اور انڈیکس 41544پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیاتاہم مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس664.92پوائنٹس کے اضافے سے41400پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 361کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 280کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 67میں کمی اور 14میں استحکام رہا۔دوسری جانببین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 4ڈالر کمی سے1518ڈالر ہوگئی،جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونا250 روپے سستا ہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 88150ر وپے اوردس گرام سونے کی قیمت 216روپے کی کمی سے75574روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں مقامی اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابل امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ یوروکی قدر میں کمی اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں کرنسیوں کی لین دین معطل رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 154.70روپے اور قیمت فروخت155روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ/سونا/ڈالر

مزید :

صفحہ آخر -