انسداد کرنسی آرڈی نینس رکاوٹوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے: عثما ن بزدار

      انسداد کرنسی آرڈی نینس رکاوٹوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے: عثما ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، نئے سال میں بھی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، رکاوٹوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے نئے سال میں بھی صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کی جا رہی ہے، عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے،تنقید کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت کے سفر کو نئے سال میں مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔سازشیں کرنے والے 2019 میں بھی ناکام رہے اور 2020 میں بھی ناکام رہیں گے۔پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے اور صوبے کے عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے نئے سال میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور گزشتہ سال کی طرح نئے سال میں بھی اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار محنت کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ملاقات کی،جس میں سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور بیرسٹر سلطان محمودنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اورشہریت کے متنازعہ قانون کی شدید مذمت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ بھارت اپنی آگ میں خود جل رہا ہے اور وہ دن دورنہیں جب بھارت کے کئی ٹکڑے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اہل پنجاب کشمیریوں کے ساتھ تھے اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کا مقدمہ جرات اوردلیل سے لڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے  اورعثمان بزدار کی شب وروز محنت رنگ لارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے ملاقات کی۔میاں کاشف اشفاق نے سی پیک کے تحت فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون”علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی“ کے منصوبے پرپیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔میاں کاشف اشفاق نے 3جنوری کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کا منصوبہ نئے سال کا تحفہ ہے اور یہ منصوبہ صنعتی ترقی کے ساتھ معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سی پیک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے سپیشل اکنامک زون کا3 جنوری کوسنگ بنیاد رکھیں گے۔متعدد چینی کمپنیوں نے اس پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں اوریہ منصوبہ صنعتی ترقی کے فروغ میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس مامون رشید شیخ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جسٹس مامون رشید شیخ کو لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے منصب کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھانہ چوہنگ کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ملازمہ کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

سردار عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر، این این آئی) گور نر پنجاب چودھری سرورنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں عوامی فلاحی وبہبود کے حوالے سے جو اقدامات کر رہی ہے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں اور پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے حوالے سے بھی تاریخی کام ہوا ہے انشاء اللہ ہم سب ملکر کام کریں گے اور صوبے کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ اور خوشحال بنائیں گے اور نئے بلدیاتی نظام کے تحت انشاء اللہ عوام کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری سے قبل وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات کے دوران پنجاب کی سیاسی صورتحال،پینے کے صاف پانی اور عوامی فلاحی وبہبود کے پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور صوبائی وزیر سردار محسن لغاری سمیت دیگر بھی موجودتھے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ ملکی سمت درست ہو چکی ہے لہٰذا 2020 پاکستان کیلئے ترقی خوشحال اور امن واستحکام کا سال ثابت ہوگا اورپاکستان کو آ گے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر صورت پنجاب کے عوام کو انکا حق دیا جائیگاتحریک انصاف حکومت کی ہر پالیسی قومی امنگوں کی ترجمان ہے دو نہیں ایک پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کرینگے۔۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم اتحادیوں کو ساتھ لے کرچل رہے ہیں اور تحر یک انصاف کی حکومت صرف وعدے نہیں عملی اقدامات کر رہی ہے جس سے پنجاب کے ہر شعبے میں واضح تبدیلی آرہی ہے اور عوام حکومت کیساتھ کھڑے ہیں جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم وفاقی اورتحر یک انصاف کی پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ موجودہ حکومت ہی ملک کو مسائل سے نجات دلا کر حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنائے گی۔ 

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ اول


loading...