جسٹس مامون رشید نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

  جسٹس مامون رشید نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے لاہورہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا،گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،،سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی،عدالت عالیہ کے ججوں،رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ،وزراء،بارکے عہدیداروں،لاء افسروں اور دیگراہم شخصیات نے شرکت کی،وزیراعلیٰ اورگورنر نے عہدہ سنبھالنے پرچیف جسٹس کومبارکباد دی، ہائی کورٹ پہنچنے پرعدالت عالیہ کے رجسٹرار اورعملے نے ان کا استقبال کیا۔جسٹس مامون رشید شیخ 19 مارچ 1958 ء کو لاہور میں پیدا ہوئے،انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی جبکہ پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کی، بطور وکیل سول، کمرشل، کارپوریٹ اور آئینی مقدمات کی پریکٹس کی۔ جسٹس مامون رشید شیخ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر فائز رہے، انہوں نے 19 فروری 2010 ء کو بطور ایڈیشنل جج لاہور ہائی کورٹ اپنے عہدہ کاحلف اٹھایا اور 2 سال بعد لاہور ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے۔ انہوں نے 2013 اور 2018 ء کے عام انتخابات میں بطور الیکشن ٹریبونل فرائض بھی سرانجام دئیے۔امامون رشید شیخ اسی سال 18مارچ کو اپنے عہدہ سے ریٹائر ہوجائیں گے،وہ 2ماہ 18دن چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ رہیں گے،جس کے بعد امکان ہے کہ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس ہوں گے۔

جسٹس مامون الرشید

مزید : صفحہ اول