نیب ٹیم کا ایل ڈی اے سٹی کا دورہ، ترقیاتی کاموں کامعائنہ

  نیب ٹیم کا ایل ڈی اے سٹی کا دورہ، ترقیاتی کاموں کامعائنہ

  



 لاہور(جنرل رپورٹر)نیب کے افسران کی ٹیم نے ایل ڈی اے سٹی کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کامعائنہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کااظہار کیا اورانہیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فیروز پورروڈ، رنگ روڈ اور ڈیفنس روڈ سے ایل ڈی اے سٹی فیز ون تک نیا راستہ بنانے کے لئے اڑھائی کلومیٹر طویل اور 200فٹ چوڑی نئی سڑک کی تعمیر کے لئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔یہ سڑک موضع تھے پنجو میں تعمیر کی جائے گی اورایل ڈی اے سٹی فیز ون جناح سیکٹر کو فیروز پو ر روڈ،رنگ روڈ اور ڈیفنس روڈ تک براہ راست رسائی فراہم کرے گی۔اس سڑک کا نام چنا ب روڈ رکھا گیا ہے۔ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے چند روز قبل ایل ڈی اے سٹی کے دورہ کے موقع پر اس سڑک کے مجوزہ روٹ کا معائنہ بھی کیا تھا اور اس کی تعمیر کاکام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ایل ڈی اے نے اس سڑک کی تعمیر کے لئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے کیٹیگری سی ٹو میں رجسٹرڈ انجینئرنگ فرموں کی پری کوالیفکیشن کے لئے27جنوری تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ اس سڑک کا راستہ نکالنے کے لئے   حصول اراضی کی خاطر لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے سیکشن فور کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے جبکہ سیکشن فائیو کے تحت نوٹیفکیشن عنقریب جاری کر دیاجائے گا۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان،چیف انجینئرحبیب الحق رندھاوا اور ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی فہد انیس بھی نیب افسران کے ہمراہ تھے۔

نیب افسران

مزید : صفحہ اول