اے سی سی اے اور اخوت مائیکروانٹرپرینیورز کی اعانت کریں گے

اے سی سی اے اور اخوت مائیکروانٹرپرینیورز کی اعانت کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)دی ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس اوردنیا کی سب سے بڑی اسلامی مائیکروفنانس آرگنائزیشن، اَخوّت نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ملک میں مائیکروانٹرپرینیورز کو پیشہ ورانہ اعانت فراہم کرنا اور اْن میں مالی خواندگی کو فروغ دینا ہے۔مفاہمت کی اِس یادداشت کی صورت میں دونوں اداروں نے مائیکروانٹرپرینیورز میں مالی خواندگی کو بہتر بنانے اور اْن کے کاروبار کی کامیابی و پائیداری کے لیے اخوت کی جانب سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیاہے۔ اے سی سی اے، پورے ملک میں، مائیکروانٹرپرینیورزکو عالمی معیار کی معلومات اور اپنے انتہائی مقبول اور اہلیت کے حامل پیشہ ورانہ اکاؤنٹنٹس کے قیمتی تجربے سے، بلا قیمت، فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی تاکہ چھوٹے کاروباری اداروں کو تیزی سے ترقی کرنے اور معیشت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔ لاہور میں،مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے سی سی اے پاکستان کے ہیڈ، سجید اسلم نے کہا:”پاکستان میں اے سی سی اے اور اس کے ارکان انتہائی نچلے طبقے میں مالی خواندگی کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ مائیکرو انٹرپرائزز کو ایسے بنیادی ٹولز کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا اہم ہے، جنہیں وہ استعمال کر سکیں اور ایک دن  بیدا ر ہوکر یہ نہ کہیں کہ’میرا سرمایہ غائب ہو گیا ہے‘۔اکاؤنٹنسی کا پیشہ کارپوریٹ سیکٹر میں زبردست کام کررہا ہے لیکن ہمیں ایسے لوگوں کے لیے اور زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے جن کے خواب اگرچہ بڑے ہیں لیکن وسائل نہیں ہیں۔“انہوں نے مزید کہا،”یہ اقدام معیشت پر بڑا اثر ڈالے گا۔ اے سی سی اے اور اخوت، دونوں ملک سے غربت ختم کرنے اور معیشت کو خوشحالی کے استے پر ڈالنے کے لیے پر عزم ہیں۔
ہیں۔“


اخوت کے بانی، ڈاکٹر امجد ثاقب نے ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا،”ہمارے مشن کے دو پہلو ہیں۔اخوت دنیا کی سب سے بڑی بلاسود مائیکروفنانس آرگنائزیشن ہے جو نہ صرف کم مراعات یافتہ طبقے کو،بلا سود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے،بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے بلکہ ہم کمیونٹی کے ارکان کی دیگر ضرورتوں کو سمجھنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں تاکہ اْس کے مطابق ان کو خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ہم پروفیشنل اکاؤنٹنٹس کے، دنیا میں سب سے ممتازادارے، کے ساتھ اشتراک پر بہت پرجوش ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ 
ہماری شراکت ہمیں ملک اور اس کے لوگوں کے لیے اورزیادہ خدمات فراہم کرنے کے قابل بنائے گی۔“


مفاہمت کی یادداشت میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اے سی سی اے اخوت کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کے طلباء و طالبات کو بھی مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ اکاؤنٹنگ 
اور فنانس میں اپنے کیریئر کو فائدہ مند بنا سکیں اوراس کے لیے انہیں ان کے تعلیمی اور کیریئر کے سفر میں اعانت فراہم کرے گی۔


اس سے قبل، اخوت کو اے سی سی اے ایپروڈ ایمپلائر (ACCA Approved Employer)کا درجہ عطا کیا گیا۔ یہ درجہ اے سی سی اے کوالیفکیشن کے حصول میں 
اے سی سی اے کے ٹرینیز کواخوت کی جانب سے فراہم کردہ اعانت کے اعتراف میں دیا گیا۔


دنیا بھر میں 219,000 سند یافتہ اور 527,000 طلباء و طالبات کے ساتھ، عالمی سطح پر اے سی سی اے پیشہ ور اکاؤنٹنٹس کا ممتاز ادارہ ہے جو دنیا بھر میں اپنے بے مثال روابط کے ذریعے ترقی کے عناصر رکھنے والے  بہترین مالی ٹیلنٹ، کامیاب کیرئیرز، اداروں اور معیشتوں کو مربوط کرتا ہے۔

مزید :

کامرس -