معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی کشمیر آزاد کروا سکتا ہے: ناصر حسین ڈار
لاہور(پ ر)کشمیر دوایٹمی ممالک کے درمیان سرحدی تنازع ہی نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ عوام کے حق خودارادیت کامسئلہ ہے۔ بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ کشمیر ی پاکستان کو سیاسی و معاشی طور پر مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے تھے۔ مستحکم وترقی یافتہ پاکستان ہی بھارت کو گھٹنے ٹیکنے اور کشمیر کو آزاد کروانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر ٹرانسپورٹ وائلڈ لائف و فشرز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نا صر حسین ڈار نے جموں و کشمیر لبریشن سیل ریسرچ ونگ اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی کشمیر سیمینار”کشمیر بزنس کمیونٹی کا کردار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے سنیئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی حسام اصغر‘ سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل منصور قادرڈار، نائب صدر لاہورچیمبرمیاں زاہد جاوید، چیئرمین کشمیرکمیٹی لاہور چیمبر یوسف شاہ،فاؤنڈرممبر لاہور چیمبر رحمت اللہ جاوید، انچارج کشمیرلبریشن سیل ریسرچ ونگ سردار ساجد محمود، وقار کرمانی اور میاں محمد نواز نے بھی خطاب کیا۔ناصرحسین ڈار نے کہا کہ بھارت نے تحریک آزادی کشمیر کو مکمل طور پر ناکام بنانے کیلئے کشمیریوں کو معاشی و اقتصادی طور پر تباہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کی تاجر برادری کو چاہئیے کہ وہ پاکستان کے معاشی و اقتصادی استحکام کیلئے دن رات کام کریں۔ لاہور چیمبر میں کشمیر کمیٹی کا قیام نہایت احسن اقدام ہے۔ ملک کے دیگر چیمبر آف کامرس‘ٹریڈ آرگنائزیشز اورایسوسی ایشنز کو چاہئیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں اپنے ہاں بھی کشمیر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لائیں۔منصور قادر ڈار نے مسئلہ کشمیر، تحریک آزادی، کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ لاہور چیمبر میں آنے والے غیر ملکی مندوبین کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیرکی بھارت سے مکمل آزادی سمیت آزادکشمیر کے خطے کو خوشحال و ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاحتی و صنعتی پو ٹینشل موجود ہے۔ اس سے استفادے اور اس کے فروغ کیلئے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خدمات حاضر ہیں۔اس موقع پر شرکائے سیمینار کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی نیز9نکاتی متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ ٭٭٭