چوہنگ، 15سالہ گھر یلو ملازمہ ثناء تشدد سے ہلاک ہوئی، مالکن اور اسکا شوہر گرفتار

چوہنگ، 15سالہ گھر یلو ملازمہ ثناء تشدد سے ہلاک ہوئی، مالکن اور اسکا شوہر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کر ائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقہ میں ہلاک ہونے والی گھریلو ملازمہ کے قتل میں اس کی مالکن ملوث نکلی۔ تشدد کرکے اسے قتل کیاگیا، پولیس نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مالکن مکان اور اس کے شوہر کو حراست میں لے لیا، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گھریلو ملازمہ کے سر، چہرے اور جسم کے متعدد حصوں پر ناخنوں اورچوٹ کے نشانات موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک ویو ولاززیڈ بلاک میں حجرہ شاہ مقیم دیپالپور کی رہائشی 15 سالہ ثناء مالکن کے مبینہ تشدد کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی۔ ثناء گزشتہ دو ماہ سے ڈاکٹر حمیرا نامی خاتون کے گھر کام کاج کر رہی تھی۔ بچی کے والد جمشید علی کے مطابق ثناء کو10 ہزار روپے ماہانہ پر گھریلو کام کیلئے رکھاگیا تھا۔ بچی کے والد کے مطابق ڈاکٹر حمیرا اس کی بیٹی سے اکثر فون پر بات نہیں کرواتی تھی اور ٹال مٹول سے کام لیتی تھی جس پر انہیں شک گزرا، چار روز قبل ان کی ثناء سے بات چیت ہوئی جس پر ثنا نے انہیں بتایا کہ وہ یہاں کام کرنا نہیں چاہتی جس پر والد نے ڈاکٹر حمیرا سے بات کی اور بتایا کہ وہ 60 ہزار روپے ایڈوانس رقم واپس کرکے یکم جنوری کو اپنی بیٹی کو واپس لے جائیں گے۔ بچی کے والد جمشید کے مطابق انہیں 31 دسمبر کی شام اطلاع دی گئی کہ ثناء سیڑھیوں سے گر کردم توڑگئی ہے جب وہ گھر پہنچے تو بچی کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ پولیس کو اطلاع کی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے جناح ہسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیااور بچی کے والد جمشید کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مالکن ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر جنید کو حراست میں لے لیا۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے سر، چہرے اور جسم کے متعدد حصوں پر چوٹ کے نشانات ہیں،متاثرہ حصوں کے نمونے فرانزک لیب کوبھجوا دئیے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد حتمی طور پر حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس نے مقتولہ ثنا ء کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی جو تدفین کے لئے اپنے آبائی گاؤں لیکر روانہ ہوگئے۔

مزید :

علاقائی -