نیو ایئر نائٹ،فائرنگ،ون ویلنگ 160 افراد گرفتار،130 مقدمات درج

  نیو ایئر نائٹ،فائرنگ،ون ویلنگ 160 افراد گرفتار،130 مقدمات درج

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 160افراد کو گرفتار کر کے شہر کے مختلف تھانوں میں 130 مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ میں 40، ون ویلنگ40جبکہ آتش بازی کرنے والے 80ملزمان گرفتار کئے گئے۔ سٹی ڈویژن نے 11،کینٹ 11،سول لائنز 03،صدر 6، اقبال ٹاؤن 7 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 2ملزم گرفتار کئے۔ آتش بازی پر سٹی ڈویژن نے18،کینٹ 14،سول لائنز 01،صدر 05،اقبال ٹاؤن 22جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے20 ملزمان کوگرفتار کیا۔ ناکہ بندی کے دوران 3ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کو چیک کیا گیااورکوائف نامکمل ہونے پر59موٹر سائیکلوں کو متعلقہ تھانوں میں بند کیا گیا۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے نیو ایئر نائٹ پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر پولیس افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے نیو ایئر نائٹ پُر امن گزری اور الحمد اللہ کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ،ٹریفک پولیس اورپنجاب سیف سٹی اتھارٹیز نے مربوط حکمت عملی اپنائی جس کی وجہ سے ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر سماج دشمن سرگرمیاں پہلے سالوں کی نسبت نہ ہونے کے برابر تھیں۔ تفصیلات کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز نیو ایئر نائٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائی گئی۔

لاہور(کرائم رپورٹر) نیو ایئرنائٹ پر گز شتہ روز ہوائی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی ہو گئے، نواں کوٹ کے علاقہ میں گولی لگنے سے ایک سال کا بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ شجاع نامی بچہ تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔نیو ایئرنائٹ پر نواں کوٹ کے علاقہ میں رات بھر ہوائی فائرنگ جاری رہی جس کے نتیجے میں گولی ایک سال کے معصوم بچے کے سر میں لگی۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوکر ہسپتال پہنچے۔

مزید : علاقائی


loading...