وزیراعظم آزادکشمیر کا 4جنوری کو کشمیر ی بچوں سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان

وزیراعظم آزادکشمیر کا 4جنوری کو کشمیر ی بچوں سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان

  



مظفرآباد(این این آئی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے 4 جنوری کو مقبوضہ جموں کشمیر اور سیز فائر لائن پر بھارتی جارحیت اور بربریت کا شکار بچوں سے یکجہتی کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس سال موسم بہار کی شجر کاری مہم کو بھی ان بچوں سے منسوب کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے 5جنوری کو آزاد کشمیر بھر میں بھرپور طریقہ سے یوم حق خودارادیت منانے کے لیے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔سینٹرل پریس کلب کے سالانہ عشائیے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ظلم و بربریت انتہا پر ہے۔مقبوضہ کشمیر کے محاصرہ میں بھی بچے خوراک اور ادویات کی کمی کا شکار ہوئے۔ نو سال کے بچوں تک کو قید میں رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

گذشتہ تیس سال سے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں کو قید، تشدد، پیلٹ اور دیگر غیر انسانی حربوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔ سیز فائر لائن پر ہندوستان کی فائرنگ سے بچے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5جنوری کو جہاں کشمیری عوام اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنے وعدے یاد دلائیں گے وہاں ہی ہندوستان کے جبری اور غاصبانہ قبضہ کی بھی مذمت کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر کے عوام سے ان پروگراموں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندوستان کے مظالم نے ایک انسانی المیہ کو جنم دیا ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے مظفر آباد کے نواحی علاقہ ترنی امبور کا دورہ کیا اور شہید سپاہی ارسلان کے گھر جا کر اس کی والدہ اور بھائی سے ملاقات کرتے ہوئے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارسلان جیسے نوجوانوں پر ہمیں فخر ہے جنہوں نے اپنی قیمتی ترین متاع وطن عزیز پر قربان کردی۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فوج کے شہدا کو سلام جنہوں نے اپنی جوانیاں لٹا کر ہماری حفاظت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے شہید کے بھائی کو سرکاری ملازمت اور گھر تک سڑک اور پختہ راستے کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر وزیر صنعت و ترقی نسواں نورین، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر

مزید : علاقائی