وفاق کراچی میں پانی منصوبہ ”کے فور“ میں تعاون کیلئے تیار: اسد عمر

وفاق کراچی میں پانی منصوبہ ”کے فور“ میں تعاون کیلئے تیار: اسد عمر

  



کراچی (این این آئی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کرنے کا حق ہے، تاہم پیپلز پارٹی کی عوام کے اندر جڑیں کمزور ہو چکی ہیں، میئرکراچی بااختیار ہوتے تو کہیں زیادہ تیزی سے کام ہوتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنرہاؤس میں کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا لوکل گورنمنٹ سسٹم آئین کے خلاف ہے، حکومت کا مقامی حکومت کا نظام غیر فعال ہے، اس کے باوجود ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعدپٹرول پر ٹیکس پہلے سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے، نیسپاک نے کے فورمنصوبے پر دوبارہ ڈیزائننگ کا کام مکمل کرلیا۔ کراچی میں وفاقی منصوبوں کو فنڈز فراہم کردیے گئے ہیں، سکھر حیدرآباد موٹروے کے لیے پبلک پرائیوٹ اتھارٹی نے کام شروع کردیا ہے، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون، ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس وے کے منصوبوں پر بات ہوئی، حکومت کے وسائل محدود ہیں، نجی شعبے کی شراکت داری ضروری ہے۔اسد عمر نے کہا کہ سندھ کے عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہرممکن کوشش کریں گے کہ سندھ حکومت کے مسائل کو حل کیا جائے۔ کراچی انفرا اسٹرکچر کمیٹی کے 2کام ہیں، سندھ حکومت کو جہاں دقت ہو رہی ہے وہاں یہ کمیٹی سندھ حکومت سے ملاقات کرے گی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاق کی جانب سے منصوبوں کے جائزے کے لیے مجھے فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کو ٹھیک کر کے اس پر ہیوی ٹریفک چلایا جائے گا، ہمارے لیے اگلا چیلنج گندے پانی کو صاف کر کے شہر کے لیے استعمال میں لانا ہے۔

اسد عمر

مزید : صفحہ اول