" میرے پاس تم ہو" ڈرامہ توآپ نے دیکھا ہوگا لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ "رومی" کا اصل نام کیا ہے اور کس کلاس میں ہے؟ وہ تمام باتیں جو آپ جاننا چاہتے ہیں

" میرے پاس تم ہو" ڈرامہ توآپ نے دیکھا ہوگا لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ "رومی" کا ...

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی چینل کے ڈرامے میرے پاس تم ہو میں جہاں مہوش اور ٹیچر ہانیہ کے کردار نے دھوم مچا رکھی ہے ، وہیں ننھے رومی نے بھی ناظرین کے دلوں میں گھر کر لیا ہے لیکن یہ کسی کو معلوم نہیں کہ اس کا اصل نام کیا ہے ، کس کلاس کا سٹوڈنٹ ہے ، اور وہ بڑا ہوکر کیا بننا چاہتا ہے ؟ 

رومی کا کردار ادا کرنے والے شیس سجاد گل (رومی) نے بتایا کہ وہ تیسری کلاس کے طالبعلم ہیں، شیز کا مطلب" تحفہ" ہے ۔ رومی کا کہناتھاکہ ڈرامہ ٹاپ پاکستانی ڈراموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا، مجھ سے سینئر کلاسز خاص طور پر پانچویں کے طالبعلم زیادہ متاثر ہوئے ہیں، شاید ان لوگوں نے میری شکل نہیں دیکھی ، اس وجہ سے وہ تاحال یقین ہی نہیں کرسکے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ رومی کو تاحال ایکٹنگ کا کوئی شوق نہیں اور انہوں نے بتایا کہ ایکٹنگ کا شوق نہیں، مجھے سائنسدان بننا ہے ، مستقبل میں کوئی شوٹنگ یا ڈرامے کرنے کا پروگرام نہیں البتہ فلم کے کچھ سین یا اشتہار کرسکتا ہوں۔ رومی نے بتایا کہ وہ کسی ڈرامے میں کام کے خواہاں نہیں تھے، بس سیٹ پر پہنچتے ہی پتہ چلا ، یہ دراصل والد کی طرف سے سرپرائز تھا اور پھر حامی بھر لی کہ کرلوں گا، کافی وقت لگ گیا، اس وجہ سے مزہ کچھ کچھ آیا لیکن زیادہ نہیں، شوٹنگ کے ساتھ ساتھ سکول بھی جانا ہوتا تھا، سکول سے آتے ساتھ ہی شوٹنگ ہوتی  لیکن ایسا کم ہوتا تھا کہ صبح صبح شوٹ ہو۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ زیادہ وقت دانش (انکل ہمایوں سعید) اور مہوش ( عائزہ آنٹی) کیساتھ گزرا، ڈرامے میں  شہروز کیمیکل کے چیئرمین کا کردار ادا کرنے والے عدنان صدیقی کے بارے میں رومی نے بتایا کہ اصل زندگی میں وہ کافی سوئیٹ ہیں، اچھے ہیں۔ 

لمبے بالوں کے بارے میں سوال پر  رومی ( شیس سجاد گل) نے بتایا کہ سکول والے بال کٹوانے کو کہتے ہیں کہ میرا انہیں پہلے ہی پتہ ہے کہ ڈرامے میں آتاہے ، اس لیے کچھ خاص نہیں کہا البتہ سکول میں اجازت ہی نہیں ملتی تھی، پھر انہیں بتانا پڑا تھا۔ ایک سوال پررومی نے بتایا کہ بعض اوقات لائنز بھول بھی جاتی ہیں لیکن شوٹنگ سے فوری قبل سکرپٹ یاد کرلیتا تھا۔ 

معصوم رومی نے بتایا کہ انہیں حقیقت ہو یا ڈرامہ، ماما پاپا سے ڈانٹ تو پڑتی ہی رہتی ہے ۔ 

مزید : تفریح


loading...