2023 میں 18لاکھ 55ہزار سے زائدایمرجنسیزپر سروس مہیا کی‘رضوان نصیر
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے سال 2023 کے دوران 18لاکھ 55ہزار 5سو 74 ایمرجنسیز کوریسپانڈکرتے ہوئے 21لاکھ 44ہزار 5سو78 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا اور پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں معیار اور اوسط ریسپانس ٹائم آٹھ منٹ برقرار رکھا رپورٹ کے مطابق سال 2023میں سال 2022 کے مقابلے میں ایمرجنسیز کی تعداد میں 20.8 فیصد اضافہ ہوا یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں سالانہ کارکردگی 2023 کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جبکہ اجلاس میں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کے تمام ہیڈ آف ونگز شریک تھے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسزکو پنجاب کے سالانہ ریسکیو آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں روڈ ٹریفک حادثات، میڈیکل، آتشزدگی، عمارتوں کا انہدام، جرائم، ڈوبنے کی ایمرجنسیز، اونچائی سے گرنا، گھروں ودفاتر میں ایمرجنسی، سانپ کاٹنے/انیمل ریسکیو، زچگی اور دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔اس موقع پرپراونشل مانیٹرنگ سیل نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ سال 2023 میں پنجاب بھر میں 420387 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔
جبکہ 2022 میں 369564رپورٹ ہوئے تھے،سال 2023کے دوران 13.8 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح 2023 میں پنجاب کے تمام اضلاع میں 22 فیصد کمی کے ساتھ آتشزدگی کے 20665 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 2022میں آتشزدگی کے 26477 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ ریسکیو 1122 نے 2023 میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ1176457 میڈیکل ایمرجنسیز کورسپانڈ کیاجبکہ سال 2022 میں میڈیکل ایمرجنسیزکی تعداد940591تھی۔ مزید برآں سال 2023 کے دوران پنجاب ایمرجنسی سروس کو16.9 فیصد اضافے کے ساتھ 43302 کرائم ایمرجنسیزرپورٹ ہوئیں جن کی تعدادسال 2022 میں 37036 تھی۔اس کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی سروس نے ڈوبنے کے 1279 واقعات، 751عمارتوں کے انہدام، 12,238 جانوروں کو ریسکیوکرنے اور 180495 متفرق ایمرجنسیز پر بھی رسپانس کیا۔ صوبائی مانیٹرنگسیل نے ڈاکٹررضوان نصیر کو مزید آگاہ کیا کہ گزشتہ سال کے دوران 161378 متاثرین کوپیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعیپرائمری ہیلتھ کئیر سے جدید ہیلتھ کیئر کے ہسپتالوں تک مریضوں کی منتقلی کی خدمات مفت فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے سال 2023 میں پنجاب کے تمام اضلاع میں اوسطاً 4 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ 632446 ایمرجنسیز میں لوگوں کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کیں۔اس موقع پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ گزشتہ 19 سالوں کے دوران ریسکیو سروس جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کا ایک کامیاب ماڈل بن کر ابھری ہے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی سروسز کے معیار کو برقرار رکھنے اورسال 2023کے دوران جنوبی پنجاب میں 3لاکھ 18ہزار سے زائد سیلاب متاثرین بشمول جانوروں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے کامیاب فلڈ ریسکیو آپریشن کی انجام دہی کیلئے ضلعی ایمرجنسی افسران کو سراہا۔انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ 50 فٹ اور اس سے سے زائد بلندی کی عمارتوں میں کمیونٹی بلڈنگ سیفٹی ریگولیشنز کو یقینی بنائیں، گاؤں کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں قائم کریں اور پنجاب میں محفوظ معاشرے کی تشکیل کیلئے روڈ سیفٹی کو فروغ دیں۔
