انتخابات میں حصہ لینا جرم بن گیا، صرف آپ سے انصاف کی امید ہے، حلیم عادل شیخ کی جج سے التجاء
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عدالت میں سماعت کے دوران جج سے التجا ءکرتے ہوئے کہا کہ ہمارا انتخابات میں حصہ لینا جرم بن گیا، صرف آپ سے انصاف کی امید ہے۔
نجی ٹی وی" ڈان نیوز" کے مطابق حسان نیازی کو فرار کرانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما علی زیدی کراچی کی مقامی عدالت پیش ہوئے۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ لیٹ آئے ہیں، آئندہ لیٹ آئے تو لاک اپ کر دوں گا۔ دوران سماعت مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی عدالت پیش ہوئے ، انہوں نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے التجا ءکی کہ صرف آپ سے ہی انصاف کی امید ہے، ہمارا تو الیکشن میں حصہ لینا جرم ہی بن گیا۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ سندھ پولیس کا مقصد حلیم عادل شیخ کو سلاخوں کے پیچھے رکھنا ہے، وہ پاکستانی شہری ہیں اور ان کے بھی بنیادی حقوق ہیں، سندھ پولیس کو جس طرح قانون پر عمل کرنا چاہیے ویسے نہیں کر رہی۔ عدالت عالیہ نے حلیم عادل شیخ کے بیٹے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل کو جس طرح گرفتار کیا، دوبارہ گرفتار کرنا غیر معمولی ہے۔
