ماہر نفسیات کا تقررکرنے پر پی سی بی کا شکر گزار ہوں،ذوالقرنین
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ تین ہفتوں کی کونسلنگ کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کےلئے تیار ہو نگے ۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے شکر گزار ہیں جنھوں نے ان کےلئے ماہر نفسیات کا تقرر کیا جس سے ان کے اندر موجود خوف ختم ہو گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبول بابری کے ساتھ ان کی کونسلنگ شاندار طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے اور تین ہفتوں کی کونسلنگ کے بعد وہ بالکل ٹیم کی نمائندگی کےلئے تیار ہونگے ۔ ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ وہ دبئی کے واقعہ کو بھول کر آگے کی جانب دیکھ رہے ہیں اور جلد ہی دوبارہ ٹیم میں واپسی کےلئے پر امید ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ وہ اب سیکیورٹی گارڈز کی عدم موجودگی میں بھی نقل و حرکت کر رہے ہیں ۔ ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کاکر دگی دکھا کر گیند سلیکشن کمیٹی کے کورٹ میں ڈال دی ہے امید ہے کہ کمیٹی مجھے مایوس نہیں کر ے گی ۔