جان ایلن کی جنر ل کیانی سے ملاقات ، ہیلر ی کلنٹن کا وزیراعظم پرویز اشرف کو ٹیلی فون نیٹو سپلائی کے حوالے سے بریک تھرو کا امکان

جان ایلن کی جنر ل کیانی سے ملاقات ، ہیلر ی کلنٹن کا وزیراعظم پرویز اشرف کو ...

اسلام آباد (سہیل چودھری سے ) افغانستان میں اتحادی فوج کے سربراہ جنرل جان ایلن گزشتہ روز ایک ہفتے میں دوسری بار پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئے جہاں پاکستان کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان کی خودمختاری، سلالہ چیک پوسٹ پر حملے پر پاکستان کی طرف سے معافی کے مطالبے جیسے اہم ایشوز زیر بحث آئے ذرائع کے مطابق ملاقات میں نیٹو سپلائی کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ملاقاتوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے وزیراعظم پرویز اشرف کو ٹیلی فون کرکے انہیں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی دونوں رہنماﺅں نے پاک امریکہ تعلقات میں آنے والی کشیدگی کو دور کرنے کے اقدامات پر بھی گفت و شنید کی وفاقی دارالحکومت کے اہم ذرائع کے مطابق پاکستان سے نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے جلد بریک تھرو ہوسکتا ہے جان ایلن کا دورہ اعلیٰ حکام کے تو شائد علم میں تھا لیکن میڈیا اور پاکستانی عوام کے لئے غیر متوقع تھا ذرائع کے مطابق جنرل جان ایلن کے پاکستان میں پہنچتے ہی ان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات ہوئی جس میں ذرائع کے مطابق پاک امریکہ تعلقات کی بہتری، پاک افغان بارڈر کی صورتحال اور بالخصوص نیٹو سپلائی روٹ کی بحالی کے حوالے سے مثبت اور بامعنی بات چیت ہوئی ، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں جرنیلوں کے مابین ہونے والی اس اہم ترین ملاقات میں نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کی صورت میں ممکنہ سپلائی روٹ بھی زیر بحث آئے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل جان ایلن ایک ہفتے میں دوسری بار پاکستان کے دورے پر آئے ہیں اس لحاظ سے ان کا حالیہ دورہ غیر معمولی طورپر مثبت نتائج کا حامل ہوسکتاہے عسکری ذرائع کے مطابق پاک امریکا تعلقا ت میں ڈیڈلاک کا خاتمہ اور نیٹو سپلائی کی بحالی ایک دو ملاقاتوں کا نتیجہ نہیں بلکہ جنرل کیانی اور جنرل ایلن کے مابین ملاقاتوں کی ایک سیریز جاری ہے ذرائع کے مطابق سلالہ حملے کے بعدپاکستان نے امریکہ سے شمسی ائیرپورٹ خالی کروانے کے ساتھ ساتھ نیٹو سپلائی بند کی تو امریکہ بھی اپنے موقف پر اڑا رہا اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت امریکی رویہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتی رہی تاہم پاک امریکہ تعلقات میں تناﺅ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا ادراک دونوں جانب ہوا ہے جس کے نتیجہ میں دونوں اطراف سے مثبت پیشرفت ہوئی اور اب پاک امریکہ تعلقات میں برف پگھلنے لگی ہے ، امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن چند روز قبل تک پاکستان کے حوالے سے سخت موقف اپنائے ہوئے تھی لیکن گزشتہ روز ان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو مبارکباد دینے سے بھی پاک امریکہ تعلقات کی سرد مہری میں کمی واقع ہوئی ۔امریکی سفارتی ذرائع بھی جان ایلن کے دورے کے نتیجے میں پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کے حوالے سے مثبت اشارے دے رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...