حکومت کی ضد جمہوریت اور ملک کیلئے تباہ کن ہے، ناہید خان

حکومت کی ضد جمہوریت اور ملک کیلئے تباہ کن ہے، ناہید خان

لاہور(آئی این پی) بینظیر بھٹو شہید کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف جمہوریت اور پارٹی کے خیر خواہ ہوئے تو سوئس حکام کو خط لکھنے میں تاخیر نہیں کریں گے‘ حکومت کی ضد اور ہٹ دھرمی جمہوریت اور ملک کیلئے تباہ کن ہے‘ پوری پاکستانی قوم چیف جسٹس اور آزاد عدلیہ کے ساتھ ہے‘ میری پارٹی میں کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں صرف اصول کی بات کرتی ہوں اور اس کیلئے جان دینا پڑی تو بھی گریز نہیں کروں گی۔ اتوار کولاہور میں ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جو کچھ کر رہی ہے اس سے بینظیر بھٹو شہید کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی کیونکہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک میں جمہوریت ‘آئین اور قانون کی حکمرانی اور ترقی و خوشحالی کا خواب دیکھا تھا لیکن حکمران ملک کو صرف ذاتی خواہشات کے مطابق چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اپنے اقتدار میں محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا تو آئندہ انتخابات میں یہ عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے بینظیر بھٹو شہید کی قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ابھی تک سنجیدگی نہیں دکھائی اور لگتا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے بچایا جا رہا ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...