عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا، حفیظ شیخ
اسلام آباد (جی این آئی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی ہے کہ نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عوام تک پہنچائے جانے کو یقینی بنایا جائے اور جامع معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھا جائے ۔ یہ ہدایت انہوں نے اتوار کو وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں جاری کی جس میں انہیں ملک کی اقتصادی صورتحال سے متعلق آگاہی دی گئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 2011-12ءمیں اقتصادی نمو کی شرح 3.7فیصد رہی جو گزشتہ تین برس سے بہتر ہے۔ افراط زر 13فیصد سے کم ہوکر 11فیصد کی شرح پر آگئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا گیا اور گزشتہ 45دنوں میں تین مرتبہ پٹرول‘ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کو 1.2ارب ڈالر قرضہ کی واپسی کے باوجود مالی سال 2011-12ءکے اختتام پر ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر 15ارب ڈالر سے زائد رہے۔ عالمی معاشی بحران کے باوجود برآمدات مستحکم رہیں اور نئے مالی سال میں بھی یہ تیزی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ وزیر خزانہ نے تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح 13ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 19کھرب 10ارب سے زائد ٹیکس وصول ہونے کی توقع ہے جوکہ گزشتہ برس سے 450ارب یا 23فیصد زائد ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ایک سال کے دوران یہ ٹیکس وصولی میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2011-12ءوفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت منصوبوں کی تکمیل کے لحاظ سے بھی کامیاب سال رہا اور تین سو ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے گئے‘ ترقیاتی فنڈز کے سو فیصد استعمال کے ذریعے 200سے زائد منصوبے مکمل کیے گئے۔