پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت کرائے کم کرائے، لیاقت بلوچ
لاہور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہا حکومت نے پٹرول ، ڈیزل ، سی این جی گیس کی قیمتوں میں جو کمی کی ہے وہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی مناسبت سے کم ہے ، لہٰذا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے ۔ ٹرانسپورٹروں پر بھی دباﺅ ڈال کر کرائے کم کروائے جائیں جو ہر بار پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ پر بھی بے تحاشا کرائے بڑھا دیتے ہیں اور جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو بڑی ڈھٹائی سے کرائے کم کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ یوریا ، ڈے اے پی و دیگر نامیاتی کھادیں ، زرعی ادویات ، بیج مہنگے ہونے سے زراعت اور کاشتکار زبوں حالی کا شکارہیں ۔ پٹرولیم مصنوعات کی طرح کھادوں کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی جائے ۔ کپاس ، چاول کی کاشت میں کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت میں زراعت و صنعت سے حکومت کو 47 فیصد ریونیو حاصل ہوتاہے لیکن حکومت نے آج تک کسانوں کو کسی مد میں کوئی ریلیف یا سبسڈی نہیں دی لیاقت بلوچ نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا اعلان تو کر دیاگیا ہے ، لیکن دیکھنا ہے کہ ملک میں یوٹیلٹی سٹورز کی تعداداتنی ہے بھی کہ جن سے عام صارفین استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز کی تعداد بڑھائی جائے اور قیمتوں میںکمی کے اعلان پر سختی سے عملدرآمد کروایاجائے ۔ تمام صوبائی حکومتیں بھی رمضان المبارک میں عوام کو بنیادی ضرورت کی اشیا سستی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آٹا ، گھی ، چینی ، دالوں ، بیسن پر حکومت سبسڈی دے کر ان کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی کرے ۔