بھارتی پائلٹ نے والدہ کو کاک پٹ میں بٹھا لیا
نئی دہلی (آن لائن) ایئر انڈیا کے ایک مسافر طیارے کے پائلٹ نے اپنی والدہ کو ملکی پرواز کے لئے کاک پٹ میں بٹھا لیا اور مفت ٹکٹ ملنے تک طیارہ اڑانے سے انکار کردیا ۔یہ بات اتوار کو ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔ پائلٹ نے مبینہ طور پر مغربی بھارت میں پونے ایئرپورٹ پر اپنی والدہ کیلئے ڈمی بورڈنگ کارڈ کے اجراءکا مطالبہ کیا اور اسے نئی دہلی جانیوالی پرواز کے لئے عملے کے دو ا رکان میں سے ایک کی ریزروسیٹ پر بیٹھا دیا ۔ایئرپورٹ حکام نے سنڈے ایکسپریس کو بتایاکہ جب پائلٹ نے اپنی والدہ کو اپنے ساتھ لے جانے پراصرار کیا تو آپریشنز اور کمرشل ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کیا گیا کہ پائلٹ نے دھمکی دی ہے کہ وہ اپنی والدہ کے بغیر پرواز لے کر نہیں جائے گا۔اخبار کے مطابق پائلٹ نے کہاکہ اس کی والدہ بیمار ہے اور وہ اسے ایئرپورٹ پر نہیں چھوڑ سکتا ۔ایئرانڈیا کے چیئرمین روہت ناندان نے ایکسپریس کو بتایاکہ جنرل منیجر اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور کہاکہ ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے۔