خصوصی عدالتوں میں ججوں کی تقرریوں کا نوٹیفکیشن طلب ، نوٹس جاری کیا تو پھر خبروں میں آجائیں گے : سپریم کورٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے خصوصی عدالتوں میں ججوں کی تقرریوں کا کل تک نوٹیفکیشن طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ تو ہین عدالت کا نوٹس جاری کیاتو پھر خبروں میں آجائے گا کہ نیا محاذکھل گیاہے ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے روبرو ڈپٹی اٹارنی جنرل پیش ہوئے جن سے چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ کیاعدالتوں میں خالی نشستوں پر تقرریاں کردی گئیں ؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایاکہتقرریاں نہیں ہوئیں تاہم 27اور 28 جون کو سمریاں بھیج دی گئیں ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ عدالتی احکامات پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ آپ نہ آئین کو مان رہے ہیں نہ قانون کو ۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ حکومت نے عدالت کا حکم نہ ماناتو توہین عدالت کی کارروائی کریں گے ، ایسا تاثر مل رہاہے کہ حکومت بدعنوانی کے کیسز میں دلچسپی نہیں رکھتی ۔اُنہوں نے کہاکہ نوٹس جاری کیاتو پھر خبروں میں آجائے گا کہ نیا محاذ کھل گیا۔عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیاکہ آج شام ججوں کی تقرریوں کا نوٹیفکیشن لاکر دیں جنہوں نے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی اور عدالت نے کل تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیاکہ نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کریں ۔