تاوان نہ دینے پر کراچی سے اغواءہونیوالا ماربل ایسوسی ایشن کا سابق عہدیدارکچھ گھنٹے بعد بازیاب

تاوان نہ دینے پر کراچی سے اغواءہونیوالا ماربل ایسوسی ایشن کا سابق ...
 تاوان نہ دینے پر کراچی سے اغواءہونیوالا ماربل ایسوسی ایشن کا سابق عہدیدارکچھ گھنٹے بعد بازیاب

  


کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک کروڑ روپے کا بھتہ نہ دینے پر منگھو پیر سے اغواءہونیوالے ماربل ایسوسی ایشن کے سابق وائس چیئرمین خرم ابراہیم کومقابلے کے بعد کراچی پولیس نے بازیاب کرالیاجبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیاہے۔ایس پی اورنگی ٹاﺅن کے مطابق منگھو پیر کی میانوالی کالونی سے ماربل کے تاجر خرم ابراہیم کو پانچ سے چھ موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی سمیت اغواءکرلیاتھا۔ اُنہوں نے بتایاکہ خرم ابراہیم گھر سے فیکٹری کے قریب پہنچے تھے کہ اُن کی گاڑی کو گھیر کرملزمان نے اُنہیں اغواءکرلیاجبکہ ڈرائیور کو پھینک کرچلے گئے ۔ ماربل ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بتایاکہ ملزم خرم ابراہیم سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کررہے تھے ، رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ ایس پی اورنگی ٹاﺅن نے بتایاکہ سی پی ایل سی اور ٹریکنگ کمپنی سے رابطہ کرلیاگیاہے ، آخری اطلاعات تک گاڑی سلطان آباد میں موجود تھی ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق مغوی کو بازیاب کرانے کیلئے پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہاجس کے بعد ملزمان مغوی خرم ابراہیم کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔مقابلے میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے سرگرم کارندہ کوزخمی حالت میں حراست میں لے لیا جس کی شناخت حمیداللہ کے نام سے ظاہر کی گئی ہے ۔

مزید : کراچی /اہم خبریں