سندھ سے سمگل کئے جانے والے 2چنکارہ ہرن لاہور ریلوے سٹیشن پر پکڑ لئے گئے

سندھ سے سمگل کئے جانے والے 2چنکارہ ہرن لاہور ریلوے سٹیشن پر پکڑ لئے گئے

لاہور (اپنے خبر نگار سے)محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے حکام نے خفیہ اطلاع پر صوبہ سندھ سے لاہور سمگل کئے جارہے چنکارہ ہرنوں کا جوڑا لاہور ریلوے سٹیشن سے پکڑ لیا ۔ ملزم ہارون الرشید کو عدالت میں پیش کرکے چنکارہ ہرنوں کو لاہور سفاری زو پارک بھجوادیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے حکا م کو خفیہ اطلاع ملی کہ ملزم ہارون الرشید بذریعہ ٹرین سندھ سے چنکارہ ہرنوں کا جوڑا سمگل کررہاہے جس پر انہوں نے چھاپہ مارکرلاہور ریلوے سٹیشن پر ملزم کو چنکارہ ہرنوں سمیت گرفتار کرلیااوراسے عدالت میں پیش کیاجس پرعدالت نے کارروائی کرتے ہوئے چنکارہ ہرنوں کو سفاری زو لاہور بھجوانے اور ملزم کو اگلے روز پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔ڈائریکٹرجنرل جنگلی حیات و پارکس پنجا ب خالد عیاض خان نے چھاپہ مار پارٹی میں شامل ایک وائلڈ لائف انسپکٹرمیاں نذیر احمد اور وائلڈ لائف واچرسیف اللہ کوتعریفی اسناد دیتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے اور اوران کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جانوروں اورپرندوں کی حفاظت اورتحفظ محکمہ کی ذمہ داری ہے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1