کپاس کی فصل اس وقت پھول اور ڈوڈی کے مرحلے میں ہے، فصل کی نگہداشت بہت ضروری ہے :ماہرین

کپاس کی فصل اس وقت پھول اور ڈوڈی کے مرحلے میں ہے، فصل کی نگہداشت بہت ضروری ہے ...

لاہور(این این آئی )کپاس کی فصل اس وقت پھول اور ڈوڈی کے مرحلے میں ہے،اس نازک وقت پر فصل کی نگہداشت بہت ضروری ہے ،محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے ، بارشوں کی وجہ سے کاشتکار کپاس کے کھیتوں کو پانی دینے سے پہلے ’’محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی ‘‘ضرور دیکھ لیں، بارشوں کی وجہ سے کھیت میں پانی کھڑا ہوتو اسے کھیت سے نکالنے کا بندو بست کریں کیونکہ بارش کا پانی کھیت میں اگر 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک کھڑا رہے تو فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے ۔ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کے لیے کپاس کے کھیت میں کھڑا پانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیں۔ اگر قریب کماد یا چارے کی فصل ہو تویہ پانی اس میں بھی ڈالا جا سکتا ہے اور اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نکالا جا سکتا ہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر دیں۔

بارش کے بعد کپاس کی فصل میں جڑی بوٹیاں بڑھ جاتی ہیں اس لیے ان کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں۔نائٹروجنی کھاد کا استعمال زمین کی ذرخیزی اور فصل کی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے کریں۔زیادہ درجہ حرارت اور زیادہ ٹینڈوں کی وجہ سے کچھ بی ٹی اقسام کا پھل گرنا شروع ہو جاتا ہے ۔ اس سے بچاؤ کے لیے نائٹروجنی کھادوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ جس جگہ زمین میں تجزیہ کے بعد کمی پائی گئی ہو تو وہاں بوران اور زنک کا استعمال بھی بذریعہ سپرے کریں۔سفید مکھی ، ملی بگ ، لشکری سنڈی اور لیف کرل وائرس کے غیر ضروری متبادل خوراکی پودوں کو تلف کریں کیونکہ یہ کیڑوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہوتی ہیں۔ اگر کپاس پر وائرس کا حملہ ہو جائے تو دل برداشتہ ہونے کی بجائے کپاس کی دیکھ بھال پر زیادہ توجہ دیں تاکہ بیماری کے مضر اثرات کم ہوں اور بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔ اس وقت کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور سبز تیلہ کا حملہ بڑھ رہا ہے ۔اس پر کڑی نظر رکھی جائے اور نقصان کی معاشی حد تک پہنچنے پر سپرے کرنے میں دیر نہ کی جائے ۔ لشکری سنڈی کا حملہ کھیت میں نظر آنے کی صورت میں مناسب زہر پاشی کریں۔ بعض اضلاع کے مختلف مقامات سے کپاس پر سنڈیوں خصوصاََ گلابی سنڈی کے حملے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ لہٰذا فصل کی نگہداشت کی جائے اگر سنڈی کا حملہ نقصان کی معاشی حد تک پہنچ جائے تو محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب زہر سپرے کریں۔کپاس کی فصل کی ہفتے میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اگر کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد تک ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سپرے کریں ایک ہی گروپ کی زہروں کا بار بار سپرے نہ کیا جائے ۔ سپرے صبح یا شام کے وقت کریں۔ دھوپ اور زیادہ گرمی میں سپرے کرنے سے زہر کی افادیت کم ہوجاتی ہے ۔ سپرے کرتے وقت حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

مزید : کامرس