ٹیوٹا نے گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلئے

ٹیوٹا نے گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹاؤن شپ میں آئندہ ماہ گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات کر لئے ہیں۔ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( TIKA ) اس انسٹی ٹیوٹ کیلئے رواں ماہ جدید مشینری و آلات فراہم کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹاؤن شپ میں گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے حوالے سے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عائشہ قاضی اور دیگر افسران موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( Tika ) گارمنٹس ،ویٹ اور ڈرائی پراسیس لیبارٹریوں کیلئے مشینری و آلات جبکہ ٹیوٹا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرے گی۔1500نوجوان سالانہ گارمنٹس کے متعلقہ کورسز بشمول انڈسٹریل اسٹچنگ مشین آپریٹر ، ڈینم واشنگ ایکسپرٹ اورڈینم ڈرائی فنشنگ ایکسپرٹ شارٹ کورسز میں تربیت حاصل کرینگے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ترک ایجنسی کی جانب سے مہیا کی جانے والی مشینری و آلات کی فراہمی سے ٹیوٹا اپنے زیر تربیت ہنر مندوں بین الاقوامی طرز کی تربیت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیوٹا ترک ایجنسی کی جانب سے جدید مشینری و آلات کو فراہم کرنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات مزید بہتر ہونگے۔بین الاقوامی تربیت سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔

مزید :

کامرس -