بلوچستان میگا کرپشن کیس ، سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کے ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان میگا کرپشن کیس میں احتساب عدالت نے گرفتار سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کے ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع کردی ہے۔مشتاق رئیسانی میگا کرپشن کیس میں ملزم خالد لانگو کو نیب میں ریمانڈ کی تکمیل پر جمعہ کو احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت میں نیب کی استدعا پر عدالت نے ملزم کے ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع کردی گئی۔اس دوران خالد لانگوکے وکیل نے عدالت سے اپیل کی کہ اب تک میرے موکل پر کچھ ثابت نہیں ہوا ہے، انہیں مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسی کیس سے متعلق سات مزید اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔عدالت نے ملزم سے پوچھا کہ کوئی مسئلہ تو نہیں ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ نیب حکام کے رویہ سے مطمئن ہیں تاہم تفتیشی افسر کو تبدیل نہ کیا جائے کیونکہ دیگر تفتیشی افسروں کے ساتھ دوران تفتیش بد مزگی ہوئی ۔بعد میں کیس کی سماعت 14 جولائی تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ ملزم خالد لانگو پر سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کر پشن کیس میں بدعنوانی کے الزامات ہیں۔