نیلم جہلم منصوبے کی پاور ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو فراہم کرنے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پرایم ڈی پیپراانجینئرعامرحسین کوشوکاز نوٹس
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے نیلم جہلم منصوبے کی پاور ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو فراہم کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پرایم ڈی پیپرا انجینئر عامر حسین کوشوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ہے۔جسٹس عائشہ اے ملک نے آسٹریا کی کمپنی مضدفر کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہرصدیق نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے من پسند ترک کمپنی سارا کو نوازنے کے لئے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا ٹھیکہ دے دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکہ دیتے ہوئے قواعد و ضوابط کو بھی مد نظر نہیں رکھا گیا ،46کروڑ روپے کا ٹھیکہ ایسی کمپنی کو فراہم کر دیا گیا جو ناقص میٹریل فراہم کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ایم ڈی پیپرا نے اپنا جواب عدالت میں جمع نہیں کرایا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر سولہ جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایم ڈی پیپرا کو آئندہ سماعت پرطلب کر لیاہے۔