چیئرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں، کالاباغ ڈیم کے متنازعہ ایشو پر بیانات سے گریز کریں: خورشید شاہ

چیئرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں، کالاباغ ڈیم کے متنازعہ ایشو پر بیانات سے ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں، انہیں کالا باغ ڈیم کے متنازعہ ایشو پر بیانات نہیں دینے چاہیں۔خورشید شاہ نے چیئرمین واپڈا کے کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں انہیں کالا باغ ڈیم کے متنازع ایشو پر بیانات نہیں دینے چاہیں، تین صوبائی اسمبلیوں نے کالا باغ ڈیم کیخلاف قراردادیں پاس کر رکھی ہیں، ان قراردادوں کی موجودگی میں ایک سرکاری افسر کو بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کا مسئلہ چیئرمین واپڈا کے مینڈیٹ سے بڑا ہے، بھاشا ڈیم اور دیگر چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے بجلی کی قلت کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے کالا باغ ڈیم کا مسئلہ زندہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین واپڈا کے بیانات فیڈریشن کی روح کے خلاف ہیں، چیئرمین واپڈا کو چاہئے کہ وہ پہلے فیڈریشن اور اسکی اکائیوں کی اہمیت سمجھیں، حکومت اس تنازعہ میں الجھنے سے باز رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چیئرمین واپڈا کو متنازعہ مسئلے میں استعمال کر کے وفاق کیلئے نئے چیلنجز پیدا نہ کرے۔

مزید : صفحہ آخر