وزیراعلیٰ سندھ عمرے کیلئے سعودی عرب روانہ ہو گئے

وزیراعلیٰ سندھ عمرے کیلئے سعودی عرب روانہ ہو گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ افسران سے اہم اجلاس کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کو ہدایت کی کہ سندھ صوبے میں خاص طور پر کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کو ٹھیک کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کریں۔ انہوں نے آئی جی سندھ کو مزید ہدایت کی کہ اویس شاہ اور امجد صابری کیسز پر باقاعدہ کام کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مجھے اس حوالے سے اچھی خبر سعودی عرب میں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاپنگ سینٹرز، اہم مراکز، ریلوے اسٹیشنز، بس اسٹاپ، مساجد اور دیگر جگہوں پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن کو ہدایت کی کہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بارش کے پانی کی نکاسی، کراچی میں نالوں کی صفائی اور شہر میں پانی اور بجلی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مفت ٹینکر سروس، حب ڈیم سے پانی کی سپلائی اور نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قوم کو جمعۃ الوداع کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے سندھ سمیت پورے ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعاؤں کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ جمعۃ الوداع کے موقع پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ ادائیگی عمرہ کے بعد5 جولائی کو واپس وطن آئیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول