ایم کیوا یم کی ندیم جعفری پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامور اداکار اور ٹی وی میزبان ندیم جعفری پر گلشن اقبال میں واقع ان کے گھر کے سامنے مسلح ڈکیتوں کی جانب سے انہیں لوٹنے اور ان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں ایک سازش کے تحت تواتر کے ساتھ فنکار برادری کے افراد پر حملے کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ ڈھائی سال سے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے لیکن آج بھی یہ عناصر کراچی کے شہریوں کو سرعام لوٹ اور قتل کررکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران درجنوں بار رینجرز اور پولیس کی جانب سے امن و امان قائم کرنے، دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی کمر توڑنے کے بلند و بانگ دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن ان تمام دعوؤں کے باوجود امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور ہر سانحہ کے بعد آپریشن میں تیزی کے نام پر ایم کیو ایم کے بیگناہ ذمہ داران اور کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں اور نائن زیرو کے طواف کا کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی انتہائی غیرتسلی بخش ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے شہریوں کے ٹیکسوں کا ایک بڑا حصہ ان اداروں پر خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کوئی انہونی چیز نہیں بلکہ اس کیلئے صرف حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعصب اور ذاتی عداوتوں کو پس پشت ڈال کر آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کے بجائے جرائم پیشہ عناصر کی جانب موڑنے کی ضرورت ہے۔